’پی پی پی آزادی مارچ میں شریک نہیں ہوگی‘

10 لاکھ انتخابی مہم کی بجائے ڈیم فنڈ میں جمع کرادیے |humnews.pk

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کردیا تاہم پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اس میں شرکت نہیں کرے گی۔

آزادی مارچ کی تاریخ کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں لیکن دھرنے میں بیٹھنے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کا اعلان جے یو آئی نے کیا ہے، پی پی پی نے نہیں۔

خیال رہے کہ نوید قمر اس وفد کا حصہ تھے جو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آج جے یو آئی (ف) کے وفد سے ملا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی پی پی اور جے یو آئی (ف) کے درمیان آزادی مارچ کے حوالے سے فارمولہ طے نہیں ہوسکا اور مذاکرات بے نتیجہ اختتام پذیر ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کیے بغیر ہی چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے آزادی مارچ کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ  اے پی سی جلد بلائی جائے تاکہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ بارے جلد فیصلہ کیا جا سکے۔

اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بھی آزادی مارچ میں شرکت کرنی چاہیئے،اس حوالے سے  بلاول بھٹو زرداری کو میرا پیغام دیا جائے۔آزادی مارچ کی تاریخوں میں ردو بدل کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کی جائے۔

نواز شریف نے کہا کہ آزادی مارچ کی راہ انہوں نے دکھائی جنہوں نے 2018 اور سینیٹ کے الیکشن میں لوگوں کے ضمیر خریدے۔

سابق وزیراعظم نے شہباز شریف کو آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے خود رابطوں کی بھی ہدایت کی۔

مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نے کہا کہ آزادی مارچ میں لیگی کارکن شہباز شریف کی قیادت میں بھرپور شرکت کریں ۔


متعلقہ خبریں