ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب ضروری ہے، عمران خان

منی لانڈرنگ اور کرپشن کے ثبوتوں کے باوجود نیب کی خاموشی سمجھ سے باہر ہے


اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیرخارجہ خواجہ آصف کے خلاف نیب میں دائر درخواست پر پیش رفت نہ ہونے پر کہی۔

عمران خان نے پی ٹی آئی رہنماعثمان ڈار سے بنی گالہ میں ملاقات کے دوران اظہارتشویش کرتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ کے خلاف نا قابل تردید ثبوت ریکارڈ پرلائے جا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے ثبوتوں کے باوجود نیب کی خاموشی سمجھ سے باہر ہے اور یہ ایک تشویشناک بات ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عثمان ڈار خواجہ آصف اور ان کی اہلیہ کی بینکنگ ٹرانزیکشنز کے ثبوت فراہم کرسکتے ہیں جب کے ہم منی لانڈرنگ اور کرپشن کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کو تیار ہیں۔

چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قوم عدلیہ کے بعد احتساب کے ادارے کی طرف دیکھ رہی ہے۔ امید ہے نیب جلد وزیر خارجہ کے خلاف کارروائی کا آ غاز کرے گا۔

عمران خان نے عثمان ڈار کو ہدایت کی نیب کی جانب سے درخواست کا جواب نہ دیے جانے کے بعد براہ راست چئیرمین نیب سے ملاقات کر کے انہیں آگاہ کریں۔


متعلقہ خبریں