وفاقی ملازمین کے لئے بہارہ کہو ہاؤسنگ اسکیم کا باقاعدہ افتتاح عید کے بعد


اسلام آباد:وفاقی وزارت ہاؤسنگ نے وفاقی ملازمین کے لئے بہارہ کہو ہاؤسنگ اسکیم کا باقاعدہ افتتاح عید کے بعد کرنے کا اعلان کردیاہے۔ 

یہ اعلان آج وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ نے سینیٹر میر کبیر احمد محمد شاہی کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و تعمیرات کے اجلاس میں کیا۔

اجلاس میں بہارہ کہو ہاؤسنگ اسکیم پر ڈی جی ہاؤسنگ فاؤنڈیشن وسیم باجوہ نے  بریفنگ دی ۔

وسیم باجوہ نے کمیٹی کو بتایا کہ 2009 میں بہارہ کہوسکیم 3 ہزار 153 کنال پر شروع ہوئی کی، اسوقت 9 لاکھ روپے کنال زمین کا ریٹ طے ہوا جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیا،چار سال سپریم کورٹ میں کیس چلتا رہا۔ 2016 میں نیب نے اس کا نوٹس لے لیا، 2018 میں انکوائری بندہوئی، زمین کے مسائل بھی ختم ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ سات سوکنال زمین ناہمواراور پہاڑی علاقے پر مشتمل تھی، پہاڑی ایریا میں پلاٹ نہیں بن سکتے تھے، پہاڑی ایریا کا معاملہ حل ہو گیاہے،اس منصوبے تک رسائی کا مسئلہ تھا وہ بھی حل ہو گیا،انگوری روڈ سے رسائی ملی ہے۔ اس اسکیم میں پلاٹ کی قیمت 44 لاکھ روپے  ہے۔

وسیم باجوہ نے کمیٹی کو بتایا کہ اب اس منصوبے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے،اس میں 33 سو پلاٹ ہیں 22 سو کے قریب الاٹیز ہیں،دو سال میں اس منصوبے پر کام مکمل کرناہے۔

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ بہارہ کہومنصوبے کا عید کے بعد باقاعدہ افتتاح کیا جائیگا۔ 2018 میں تو یہ اسکیم کلیئر ہوئی ہے پہلے سپریم کورٹ میں کیس تھا اسکے بعد نیب کے پاس رہا،ہم نے اپنے منصوبوں پر باقائدہ چیک اینڈ بیلنس رکھا ہے۔

ہاؤسنگ فاؤنڈیشن حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ اس منصوبے میں وفاقی ملازمین کا52 ،ریٹائرڈ ملازمین کا20 فیصد، 8 فیصد خود مختار اداروں، 4 فیصد بیواؤں اورمعذوروں کا بھی کوٹہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد: 25 ہزار 801 ملازمین سرکاری رہائشگاہوں کی الاٹمنٹ کے منتظر


متعلقہ خبریں