وزیر اعظم عمران خان غربت مٹاؤ قومی پروگرام کا افتتاح آج کرینگے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی حکومت غربت مٹاؤ قومی پروگرام آج شروع  کرنے جارہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان آج شام چار بجے ایک  تقریب میں پروگرام کاباضابطہ افتتاح کریں گے۔

پی ایم آفس آڈیٹوریم میں  ہونے والی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان لوگوں میں قرض کی  رقم  کےچیک تقسیم کریں گے۔ تقریب میں وفاقی وزیر غربت مٹاؤ و سماجی بہبود ڈاکٹر ثانیہ نشتر پروگرام سے متعلق بریفنگ دیں گی۔

پروگرام کے تحت ملک بھر میں چارسال میں ایک کروڑ ساٹھ لاکھ  28 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔ پروگرام کے لئے ابتدائی طور پر 42 ارب 65 کروڑ روپے رکھ دئیے گئے ہیں۔

پانچ ارب روپے غربت مٹاؤ پروگرام کے لئے مختص فنڈ سے جبکہ باقی 37 ارب مختلف سرکاری اداروں سے لئے گئے ہیں۔ غربت مٹاؤ پروگرام کے تحت حکومت غرباء اور مستحق افراد کو کاروبار کے لئے اثاثے اور قرض حسنہ فراہم کرے گی۔

پروگرام کے مطابق 80 ہزار افراد کو ہر ماہ 30 ہزار سے 75 ہزار تک قرض حسنہ دیا جائے گا۔ قرض حسنہ سے میسن،پلمبر، کارپنٹر، الیکٹریشن، ریڑھی بان جیسے ،پیشہ وارانہ افراد اپنا کاروبار شروع کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیے:غربت کے خاتمہ کے لیے چینی تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، عمران خان

اسی طرح سلائی مشینین، مال مویشی، زرعی آلات اور دیگر اشیاء بھی غرباء، مستحقین اور بیواؤں میں مفت تقسیم ہوں گی۔ آج ملک بھر  سے آئے ہوئے  391 غرباء ومسحقین میں قرض کے چیک تقسیم کئے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں