راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چینلجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی ضروری ہے۔ عوامی حمایت کے ساتھ ملکی دفاع کا فریضہ ادا کرتے رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر قومی سلامتی اور وار کورس کے حوالے سے خطاب کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک کی سلامتی کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے مؤثر حکمت عملی وقت کا تقاضا ہے۔
یہ بھی پڑھیں آرمی چیف کا پاک چین اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی کے لیے تعاون کا عزم
سربراہ پاک فوج نے کہا کہ پاک فوج دیگر ریاستی اداروں سے تعاون کر کے ان خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور پاک فوج ملکی سلامتی و دفاع کے لیے ہر وقت تیار اور پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج عوامی حمایت کے ساتھ ملکی دفاع کا فریضہ ادا کرتی رہے گی۔
گزشتہ ہفتہ آرمی چیف نے سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک فوج مادر وطن کو درپیش کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران پڑوسی ملک کو منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد میں کامیابیاں قابل تعریف ہیں جو پائیدار امن کی راہ ہموار کریں گی۔