’ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سود ادا کر رہے ہیں‘



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس  وقت پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سود دے رہے ہیں تاہم ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔

عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بنی گالا میں ہوا جس میں انہیں تحقیقاتی کمیشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے بجٹ اور حکومتی اہداف سے متعلق آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے وزیر اعظم کو ٹیکس اصلاحات و اہداف پر بریفنگ دی اور جہانگیر ترین نے زراعت پالیسی سے متعلق پیش رفت سے آگاہی کیا۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان نے سیاست میں بدتمیزی کو رواج دیا، خواجہ آصف

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن جلد قائم کر لیا جائے گا جس کا مقصد 24 ہزار ارب روپے کے قرضوں اور اقامہ رکھنے والوں کا حساب لینا ہے۔ ہم نے کٹھن راستہ طے کر لیا اور اب پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 30 فیصد کمی آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں احساس اور غربت خاتمہ پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس پر وزیر اعظم نے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو غربت کی لکیر سے اوپر لانا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اولین ترجیح ہے اور اس لیے ہم احساس پروگرام کا بجٹ 100 ارب روپے سے بڑھا کر 191 ارب روپے تک لے گئے ہیں۔

اجلاس میں حزب اختلاف کے رہنماؤں کی گرفتاریوں پر بھی بات کی گئی، وزیر اعظم نے کہا کہ گرفتار ہونے والے این آر او کی تلاش میں ہیں۔
وزیر اعظم نے ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو دلیری دکھانا ہو گی، کھلاڑیوں کو چاہیے کہ ہار کے ڈر کو بھول کر دلیری سے اپنا کھیل کھیلیں۔


متعلقہ خبریں