مالاکنڈ: غیرت کے نام پر تین افراد قتل


شانگلہ: مالاکنڈ ڈیویژن کے ضلع شانگلہ کے نواحی علاقے شکولئی میں غیرت کے نام پر تین افراد کو قتل کردیا گیا۔

ڈی ایس پی زیراب گل کے مطابق ملزم صبورخان اہلیہ، بیٹی اور ایک اور شخص کو قتل کرکے فرار ہوگیا۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے سول اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:لاہور میں غیرت کے نام پر چھ ماہ میں چھ خواتین قتل ہوئیں، محکمہ داخلہ پنجاب

دوسری جانب جہلم میں رشتے کے تنازع پر بہنوئی نے فائرنگ کرکے تین برادر نسبتی قتل کردیے۔

تفصیلات کے مطابق ملزم کو رنج تھا کہ سسرال والوں نے رخصتی سے پہلے ہی طلاق کا کیس دائر کر دیا ہے۔

کیس کے لیے عدالت میں پیش ہونا تھا لیکن ملزم نے گاؤں کے قریب فائرنگ کر دی۔

ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال جہلم منتقل کیا لیکن تین بھائی دم توڑ گئے۔ پولیس چھاپے مار رہی ہے لیکن گرفتاری نہیں ہوسکی۔

رواں ماہ کے آغاز میں تونسہ شریف کی نواحی بستی بیچھرہ میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکے اور لڑکی کو قتل کردیا گیا۔

تونسہ پولیس کے مطابق لڑکی کے چچا اور بھائیوں نے کہلاڑیوں کے وار کرکے دونوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا۔

پولیس نےدوہرے قتل کی اس سنگین واردات میں ملوث  تین ملزمان کو موقع پر گرفتار کرنے کا دعوٰی بھی کیا۔

مقتول صدام کے ورثا نے پولیس کو دیے گئے مؤقف میں کہا ہے کہ ملزمان نے نوجوان کو قتل کرنے کے بعد لڑکی کو گھر سےباہر لے جاکر قتل کیا گیا۔


متعلقہ خبریں