‘چئیرمین پی اے سی کا فیصلہ اپوزیشن کی رائے سے ہوگا’


اسلام آباد: پاکستان مسلم ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ چئیرمین پی اے سی کا فیصلہ اپوزیشن کی متفقہ رائے سے ہوگا، پارٹی میں تبدیلیوں کے لیے چار پانچ مہینے پہلے ہی کام شروع ہوگیا تھا، پارٹی میں عہدے خالی تھے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) سے متعلق میٹنگ ہوئی تھی، شہباز شریف بہت مصروف رہتے ہیں جس میں ایک مصروفیت نیب مقدمات ہیں، یہ جوائنٹ اپوزیشن کا عہدہ ہے اور سب کی متفقہ رائے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چئیرمین پی اے سی کے لیے اپوزیشن سے بات چیت کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے عوام کے منہ سے روٹی چھین لی ہے۔

بلاول بھٹو اس وقت اپوزیشن کا موثر کردار ادا کررہے ہیں،ناز بلوچ 

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ بلاول بھٹو اس وقت اپوزیشن کا موثر کردار ادا کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اس وقت مشکل حالات کا سامنا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹاپ لیڈر شپ اندر ہے اور ن لیگ کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے لیکن یہ اس سے باہر آئیں گے۔

آج شہباز شریف نے قوم کو دھوکہ دیا ہے،صداقت علی عباسی 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا کہ پارٹی میں تبدیلیاں ن لیگ کا اندرونی معاملہ ہے۔

چئیرمین پی اے سی سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ کسی اور کو چئیرمین بنائے یہ لوگ نہیں مانے اور آج شہباز شریف نے قوم کو دھوکہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ باہر گئے اور سب کچھ چھوڑ دیا، وہ پاکستان میں جب رہیں گے جب ان کے پاس اقتدار ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معیشت ابتر حالت میں ملی، ہم نے عوام سے پانچ برس کے وعدے کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ 21 کروڑ لوگوں میں سے صرف 14 کروڑ آبادی ٹیکس دیتی ہے۔


متعلقہ خبریں