پی ٹی آئی کی 5 فرنچائز ہیں، بتا دیں آفیشل فرنچائز کون سی ہے؟ فیصل کریم کنڈی

Faisal Karim

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 5 فرنچائزز ہیں، اتنا بتا دیں کہ ان کی آفیشل فرنچائز کونسی ہے؟

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہریار آفریدی اور بانی پی ٹی آئی پہلے 9 مئی کی معافی مانگیں۔ پی ٹی آئی کا مسئلہ یہ ہے کہ یہ حاضر سروس کے پاؤں پڑتے ہیں اور ریٹائرڈ کا گریبان پکڑنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی قوتوں سے ہی مذاکرات کرنے پڑیں گے۔ ہم ہمیشہ سے سیاست میں آرمی کی مداخلت کے خلاف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ووٹ کو عزت ملی ہوتی تو 8 فروری کو نتائج مختلف ہوتے، جاوید لطیف

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی باتیں کرنے والے آئیں گے اپنی مرضی سے اور واپس جائیں گے وفاق کی مرضی سے۔ دہشتگردی میں ملوث افراد سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ جو بھی پاکستان کے آئین اور قانون کو نہیں مانتا اس سے کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ 10 سال دور میں خیبر پختونخوا حکومت کو این ایف سی ایوارڈ کے جو پیسے ملتے رہے ان کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ ہمیں کہتے تھے کہ پیپلز صرف سندھ تک محدود جماعت ہے لیکن آج وہ خود ایک صوبے تک محدود ہو چکے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو دہشتگردی کے خلاف جنگ کے لیے جو 50، 60 ارب روپے سالانہ ملتے رہے وہ کہاں گئے؟ یہ ابھی بھی کندھا اور بیساکھی تلاش کر رہے ہیں مگر ماضی کی طرح اب انہیں یہ سہولت میسر نہیں آنے والی۔


متعلقہ خبریں