بھاڑ میں جائیں آپ اور آپ کابیانیہ، بلاول بھٹو

بلاول

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھاڑ میں جائیں آپ اور آپ کا یہ بیانیہ۔

بلاول بھٹونےسماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر ٹویٹ کیا ہے کہ کیا اب زندگی ایک فاشسٹ اسکرپٹ ڈرامہ ہے، ایسا ڈرامہ کہ آپ اگر اس سکرپٹ کے مطابق نہیں چلے تو غدار قرار دئیے جاؤ گے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ بھاڑ میں جائیں آپ اور آپ کا یہ بیانیہ، میرا ایک نظریہ ہے جو میرا اپنا نظریہ ہے، میرا نظریہ نہیں بدلے گا آپ کا بیانیہ بدلتا رہے گا، پڑھیں، سوچیں اور پھر بولیں۔

انہوں نے کہا کہ فاشزم پھیلانے والوں کو نظرانداز کریں جو ملک کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے ہی کی ویب سائٹ پر بلاول بھٹو کو جواب بھی دے دیا ہے ۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بلاول کا بکواس نظریہ تبدیل نہیں ہوسکتا کیونکہ وہ کرپشن کرو اور پیسہ باہر منتقل کرو پر یقین رکھتے ہیں۔

سینیٹرفیصل جاوید نے سخت ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ  تمہارا نظریہ تبدیل نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ بکواس ہے، تمھارا نظریہ کرپشن کرو پیسہ باہر منتقل کر کے اثاثے بنانا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو گزشتہ چند دنوں سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خاصے ایکٹوہیں۔ گزشتہ روز انہوںنے کٹھ پتلیوں کے عالمی دن کے موقع پر بھی ایک ٹویٹ کی۔

بلاول نے کٹھ پتلیوں کے عالمی دن کو عمران خان پر تنقید کے لیے استعمال کرتے ہوئے عمران خان کو ٹیگ بھی کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے: بلاول کی کٹھ پتلیوں کے عالمی دن پر عمران خان کو مبارکباد

چیئرمین پیپلز پارٹی گزشتہ کچھ عرصہ سے مسلسل عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بار بار کٹھ پتلی وزیر اعظم قرار دے رہے ہیں۔

اس سے قبل دسمبر میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مہنگائی کے باعث غریب کی چیخ دھاڑ میں بدل رہی ہیں اور یہ دھاڑ حکومت کو گرا دے گی۔

بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ‏سندھ سے چیخیں آ رہی ہیں، سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والے سندھ کو گیس نہیں دی جارہی۔

یہ بھی پڑھیں سندھ میں ہورہی سازشوں کو ناکام بنائیں گے،بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو نے کہا کہ پورے پاکستان سے چیخیں آرہی ہیں کہ بجلی مہنگی، گیس مہنگی، پٹرول مہنگا۔ چیخیں آ رہی ہیں کہ غریب کے سر پر نہ چھت، نہ پیٹ میں روٹی، چیخیں آ رہی ہیں غریب کے نہ تن پہ کپڑا ہے۔ یہ چیخیں اب دھاڑ میں بدل رہی ہیں اور یہُ دھاڑ آپ کی حکومت گرادے گی۔

اس سے قبل بھی بلاول بھٹو نے اپنے ایک بیان  میں کہا تھا کہ ہم مل کر عوام دشمن طاقتوں کو شکست دیں گے۔ ہم اس یوٹرن حکومت کا راستہ روکیں گے۔  ملک کو محترمہ بےنظیر بھٹو کا پاکستان بنائیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ غیر جمہوری قوتوں اور ان کے لاڈلوں سے رہا ہے لیکن ایک اور لاڈلہ میدان میں اتارا گیا ہے جو انوکھا لاڈلہ ہے جس نے کھیلنے کو چاند مانگا تو پورا ملک اس کے حوالے کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ سندھ میں جمہوریت کیخلاف سازشیں ہورہی ہیں لیکن ہم ان کا مقابلہ کریں گے، ہم نے ہمیشہ سندھ میں ہونے والی غیر جمہوری سازشوں کو ناکام بنایا ہے، حکومت کو اب انسان بننا چاہیے۔


متعلقہ خبریں