کراچی :صدرِمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ سٹیزن پولیس لیزن کمیٹی (سی پی ایل سی) منظم انداز میں کام کررہی ہے۔ سی پی ایل سی اور تمام قانون نافذکر نے والے اداروں میں مکمل رابطہ ہے اور بہتر انداز میں خدمات انجام دے رہی ہے۔
صدرِمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے آج سندھ گورنر ہاؤس میں قائم سی پی ایل سی سندھ کے دفتر کا دورہ کیا ان کے ساتھ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے نجف قولی مرزا بھی موجود تھے۔
صدرِمملکت کی آمدپر سی پی ایل سی چیف اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔سی پی ایل سی چیف نے صدرِمملکت جناب ڈاکٹرعارف علوی کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/131429/” position =”left”]
سی پی ایل سی چیف زبیرحبیب نے صدرِمملکت کو مختصرًاسی پی ایل سی کی 29 سالہ کارکردگی سے آگاہ کیا اوربتایاکہ کس طرح سی پی ایل سی کی جانب سے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے24 گھنٹے خدمات انجام دیتی ہے۔
صدرِمملکت نے پولیس کمپلین سینٹر ، کال سینٹر، گاڑیاں،موبائل فون اور قومی شناختی کارڈ کی تصدیق کے مرکز کا بھی دورہ کیاجبکہ سی پی ایل سی کے ڈیٹاسسٹم اور کام کا معائنہ بھی کیا۔صدرِمملکت نے سی پی ایل سی کے ڈیٹا بیس سسٹم کی تعریف کرتے ہوئے ان کے فلاحی منصوبوں کو بھی سراہا۔
یاد رہے گزشتہ دن کراچی میں صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ وفاق اور صوبہ سندھ کے درمیان ورکنگ ریلیشن اور تعاون کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا جائے گا۔
صدرمملکت اور وزیراعلیٰ میں سندھ میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے پر اتفاق رائے کیا گیا جبکہ وفاقی حکومت کے کراچی میں جاری منصوبوں کی پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات میں کراچی میں جاری ماس ٹرانزٹ منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا اعادہ کیا گیا۔ منصوبوں پرپیش رفت کے جائزہ کے لیے صدرمملکت سے وزیراعلی سندھ کی دوبارہ ملاقات ہوگی۔
