اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے یوم کشمیر سے متعلق اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی جموں کشمیر کے باسیوں پر بربریت نے انہیں آزادی کے حصول کے مقصد کے لئے یکجا کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ بھارتی قابض فوج کا مقابلہ محض کشمیری ہریت پسندوں سے نہیں بلکہ جموں کشمیر کے تمام لوگوں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے چاہنے والے تمام عالمی برادری بھارتی بربریت کے خلاف کشمیروں کا ساتھ دیں۔
The brutality of Indian security forces in Occupied Kashmir has rallied all Kashmiris together in their demand for freedom from Indian Occupation. The Indian army is not fighting insurgents but an entire people in IOK. All freedom loving ppl in the world must stand with Kashmiris
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 5, 2019
واضح رہے آج ملک بھر میں کشمیروں سے یک جہتی کے لئے یوم کشمیر منایا جا رہا ہے، اس سلسلے ملک کے ہر حصے میں تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا۔
کشمیر ڈے کے حوالے سے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کئی دہائیوں سے جاری قابض بھارتی فوج کے مظالم قانونی جدوجہد آزادی کو کچلنے میں ناکام رہے ہیں۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کشمیر 1948 سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود تصفیہ طلب مسئلہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پرعزم کشمیری اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے، انشاءاللہ۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اسلام آباد کی ڈی چوک پر اظہار یکجہتی کے لیے ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔
دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے طلبا نے ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا جب کہ ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت کرتا رہے گا جب کہ مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہوئے ہیں لیکن مذاکرات کی پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد بھارت کا بھیانک چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔
ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
کوہالہ آزاد کشمیر میں بھی انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی جس میں وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب یاسر ہمایوں نے خصوصی شرکت کی۔
پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں بھی کشمیری عوام کی تحریک آزادی کی حمایت میں طلبا نے ریلی نکالی اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ طلبا نے اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل کرانے کا مطالبہ کیا۔
گلگت میں بھی لالک جان اسٹیڈیم سے گرلز ڈگری کالج تک ریلی نکالی گئی۔ جس میں ڈپٹی اسپیکر، فورس کمانڈر سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پشاور کے بچوں نے بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا اور کشمیر کا ثقافتی لباس پہن کر ریلی نکالی جس میں اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ نے بھی شرکت کی۔