اسلام آباد: الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات اور فاٹا کے صوبائی انتخابات رواں سال کرانے کے معاملے پر غور کیا گیا۔
الیکشن کمیشن میں سال 2019 میں ہونے والے مختلف انتخابات کے حوالے سے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں الیکشنز ونگ اور دیگر تمام سیکشنز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں 2019 میں ہونے والے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جب کہ الیکشن کمیشن فاٹا صوبائی اسمبلی انتخابات مئی میں کرانے کا اردہ رکھتا ہے۔
اجلاس میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا (کے پی) بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں سے متعلق امور زیر غور آئے اور بلوچستان لوکل گورنمنٹ انتخابات بھی رواں سال مئی میں ہونے کا امکان ہے جب کہ بلوچستان میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے قوانین اور انعقاد پر غور کیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ کے پی کے بلدیاتی انتخابات ستمبر کے بعد کرانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات رواں سال دسمبر میں کرائے جائیں گے۔
اجلاس میں سابقہ فاٹا کے اضلاع میں صوبائی نشستوں پر انتخابات کا بھی جائزہ لیا گیا اور سابقہ فاٹا کے اضلاع میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لئے عملے کی تربیت اور انتخابی فہرستوں کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔