کوئی بھی فرد تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا، ،چئیرمین نیب

چئیرمین نیب کا کرپشن کیسز کے متاثرین کو رقوم کی واپسی کی تقریب سے خطاب ،فائل فوٹو۔–


اسلام آباد: چئیرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ آج کل نیب کے خلاف سخت اور منظم پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے  جبکہ ہم  کئی بار کہہ چکے ہیں کہ مثبت تنقید کا خیر مقدم کریں گے۔

انہوں نے راولپنڈی میں کرپشن کیسز کے متاثرین کو رقوم کی واپسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب پر اکثر بلا جواز تنقید کی جاتی ہے اور ایسی باتیں کرنے والے نیب قوانین اور آئین سے لاعلم ہیں لیکن جو روسٹرم پر آتا ہے تو کہتا ہے کہ نیب کا قانون بڑا بھیانک ہے۔ چئیرمین نیب نے کہا کہ پنڈی نیب کی کارکردگی بہت شاندار رہی ہے۔

چیئرمین نیب نے بدعنوانی کو تمام برائیوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کا احترام ہے، بے شک قوانین میں تبدیلی کریں، کوئی فرد نیب پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام نیب پر اعتماد کرتے ہیں اور نیب کبھی ان کا اعتماد نہیں توڑے گا اور ہر بدعنوانی کے خلاف ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف سروں کے مطابق تقریباً 59 فیصد پاکستانی عوام نیب پر بھروسہ کرتے ہیں اور ایسے بہت کم ادارے ہیں جن پر عوم کی اکثریت کا اعتماد ہو۔

چئیرمین نیب نے کہا کہ اگر یہاں جہاز گم ہوجاتے ہیں اور کہیں ریلوے انجن کھو جاتے ہیں اور پھر یہ لوگ کہتے ہیں کہ نیب نے ہمارے ساتھ ظلم کیا۔ اب اگر جہاز گم ہوجانے پر نیب کارروائی نہ کرے تو کیا کہ یہ اپنے فرائض سے روگردانی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک قومی خزانے میں 25 سو 80 ملین روپے جمع کیے جاچکے ہیں اور کئی افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ ہم میرٹ کی بنیاد پر مقدمات پر کام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف عدالتوں میں ابھی بھی کئی مقدمات زیر سماعت ہیں۔

چئیرمین نیب نے کہا کہ ارباب اختیار نیب عدالتوں کی تعداد میں اضافہ کریں کیونکہ جتنا جلدی مقدمات مکمل ہوں گے اتنا ہی معیشت پر بہتر اثر پڑے گا۔


متعلقہ خبریں