کراچی: نوجوانوں کو مہلک نشے آئس اور کرسٹل میں مبتلا کرنے والا بین الاقوامی منشیات اسمگلر گروہ بے نقاب ہوگیا جس کے تین کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کراچی پیر محمد شاہ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے تین ملزموں کو ایک کلو آئس کے ساتھ گرفتار کیا جس کا تعلق انٹرنیشنل آئس سپلائی گروپ سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے نیٹ ورک کے افغانستان، کینیا اور دیگر ممالک سے تانے بانے ملے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ ڈیفنس کے فلیٹس میں بھی منشیات کا استعمال تیزی سے کیا جارہا ہے، چھٹی والے دن پارٹیز کرکے نوجوانوں کو مہلک نشے میں مبتلا کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزموں نے ڈیفنس کلفٹن میں مخصوص ڈیلیوری پوائنٹس بنا رکھے تھے، زوہیب بلڈر، رحیم ماما اور سلیم پٹھان نامی تین افراد کے نام بھی سامنے آئے ہیں جو منشیات سپلائی چین کا حصہ ہیں۔
نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں جلداینٹی ڈرگ اسکواڈ بھی بنایا جارہا ہے جس کی سربراہ ایس پی کلفٹن ہوں گی۔
تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ مہلک منشیات سپلائی کرنے والے گروہ کا سرغنہ حاجی شمشیر افغانستان میں ہے۔
حاجی شمشیر اکثر کراچی بھی آتا ہے اور ملزم شیریں جناح کالونی میں رہائش اختیار کرتے ہیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ جلد گروہ کے دیگر کارندوں کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔