کراچی: سندھ بھر میں گیس اسٹیشنز پر سی این جی کی فراہم معطل ہو گئی ہے اور صوبے کے تمام گیس اسٹیشنز بند ہیں۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کی مداخلت کے بعد ہفتے کی رات 8 بجے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی بحال کی گئی تھی جو پھر معطل ہو گئی ہے۔ گیس کی سپلائی کا شیڈول بھی تا حال جاری نہیں ہو سکا ہے۔
وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم نے کہا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح گھریلو صارفین ہیں، سی این جی اسٹیشنز کی ہفتے میں تین دن لوڈشیڈنگ ضرور ہوگی۔
گزشتہ ہفتے ایس ایس جی سی کی جانب سے سی این جی اسٹیشنز کو غیرمعینہ مدت تک گیس کی فراہمی معطل کردی گئی تھی جس سے سندھ میں گیس کا بحران پیدا ہو گیا تھا۔ وزیراعظم نے 72 گھنٹوں میں معاملے کی رپورٹ طلب کی تھی۔
گیس کے بحران سے سندھ کے تمام بڑے شہروں میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی تقریباََ بند ہو گئی تھی۔