وزیر اعظم عمران خان کی یاسر شاہ کو ریکارڈ توڑنے پر مبارکباد

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کو 82 سالہ پرانا ریکارڈ توڑنے پر مبارکباد دی ہے۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یاسر شاہ کو آسٹریلوی بالر کا 82 سالہ پرانا ریکارڈ توڑنے پر مبارکباد دیتا ہوں، یاسر شاہ نے 33 میچوں میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کا سنگ میل عبور کیا ہے۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے یاسر شاہ نے 14 وکٹیں لے کر میرا ریکارڈ بھی برابر کیا جو ایک تاریخی کارکردگی ہے۔

واضح رہے  یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کر کے آسٹریلیا کے بالر کلیری گریمٹ کا ریکارڈ توڑا تھا۔

کلیری گریمٹ نے 1936 میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، اس کے بعد کوئی بھی بالر یہ اعزاز اپنے نام نہیں کر سکا تھا۔

اسپین کے سلطان نے ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری تیسرے ٹیسٹ میچ یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔  کیوی بلے باز ٹام لیتھم یاسر شاہ کا 199واں اور ولیم سومرولے 200واں شکار بنے۔

کلیری گریمٹ نے 36 میچوں میں تیز ترین 200 وکٹیں اپنے نام کی تھیں جب کہ یاسر شاہ نے 33 میچوں میں تاریخی اعزاز اپنے نام کیا۔

بھارت کے روی چندرن ایشون نے 37 جبکہ وقار یونس اور ڈینس للی نے 38 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس سے قبل یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 14 وکٹیں حاصل کر کے ناصرف ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا بلکہ سابق کرکٹر اور وزیراعظم عمران خان کا  ٹیسٹ میں 14 وکٹوں کا ا 36 سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا تھا۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے یاسر شاہ کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی تھی۔


متعلقہ خبریں