عمران خان فاصلوں کو مزید مٹائیں گے، نوجوت سنگھ سدھو


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان سکھ برادری اور بھارت سے آنے والے یاتریوں کی مذہبی روایات کے احترام اور مقدس مقامات تک ان کی رسائی کے لئے سہولتیں فراہم کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرے گا، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہم امن پر یقین رکھتے ہیں، بھارت سمیت پوری دنیا کو امن اور دوستی کا پیغام دیتے ہیں۔

لاہور حضوری باغ میں بھارت سے آئے مہمانوں کے اعزاز میں تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سرحد پار سے آنے والے اپنے معزز مہمانوں کاپنجاب کے عوام کی طرف سے لاہور آمد پر خیرمقدم کرتا ہوں۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور ، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، بھارتی صحافی ، بھارتی سیاستدان، سفارتکار،صوبائی وزراء ،مشیران ،وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل ، رکن پنجاب اسمبلی عائشہ چوہدری، پاکستانی صحافی، اینکرز، کالم نگار اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے۔پاکستان تمام مسائل کا حل بامقصد مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کو اختلافات اور مسائل کو حل کر کے اپنے تمام وسائل غربت کے خاتمے اور عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کرنے چاہئیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی پہلی ہی تقریر میں بھارت سے اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے طے کرنے کی پیشکش کی۔پاکستان میں رہنے والے صرف اور صرف محبت کرناچاہتے ہیں۔پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر بھارت کو ایک اور مثبت پیغام دیا ہے۔پنجاب کی مٹی میں بھی محبت اور پیار کی آمیزش ہے اور اب امن اور محبت کی خوشبو کو کوئی پھیلنے سے نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سکھ یاتری جب بھی آئیں گے پاکستان سے مثبت پیغام لیکر جائیں گے ۔ ہم کشمیر سمیت تمام مسائل کو گفتگو سے حل کرنا چاہتے ہیں ۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور امید ہے بھارت بھی اسی طرح مثبت ردعمل کا مظاہرہ کرے گا۔

’عمران خان فاصلوں کو مزید مٹائیں گے‘

اس موقع پر سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ سیاست دان نوجوج سنگھ سدھو نے تقریب میں آئے مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کام 71 برس میں نہ ہو سکا وہ تین ماہ میں ہی ہو گیا۔ دوستی کا ہاتھ بڑھا ہے اس کو مزید بڑھانا چاہیے ۔وزیر اعظم عمران خان ویژنری لیڈر ہیں ۔فاصلوں کو مزید مٹائیں گے ۔

بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہوزیراعظم عمران خان نئی تاریخ لکھنے جا رہے ہیں ۔ ہم نے پہلے بھی کہا تھا بھارت ایک قدم بڑھائے گا تو ہم دو قدم بڑھائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو غربت کے خاتمے کیلئے امن کاراستہ اختیار کرنا چاہیے ۔جنگیں ہم لڑچکے جس سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔دوست بدلے جا سکتے ہیں ہمسائے نہیں ۔


متعلقہ خبریں