وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور مختلف پلیٹ فارمز پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ہم نیوز کے مطابق وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پلیٹ فارم نمبر 4 پر نصب غیر معیاری بینچز دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر انہیں ہٹانے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز پرمسافروں کو بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اس معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پلیٹ فارم نمبر4 سمیت جہاں کہیں بھی غیر معیاری بینچز موجود ہیں، انہیں فوری طور پر ہٹا کر معیاری اور آرام دہ نئے بینچزنصب کیے جائیں۔
محمد حنیف عباسی نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر صفائی ستھرائی، مسافروں کے بیٹھنے کے انتظامات اوردیگر سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسٹیشن پر آنے والے مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور سہولیات کے معیار کو مسلسل بہتر بنایا جائے۔
وزیرِ ریلوے نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی براہِ راست نگرانی یقینی بنانے کیلئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) آفس کو لاہور ریلوے اسٹیشن پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ افسران کی اسٹیشن پر موجودگی سے مسائل کی فوری نشاندہی اور بروقت حل ممکن ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریلوے اسٹیشنز صرف ٹرینوں کی آمد و رفت کے مراکز نہیں بلکہ مسافروں کیلئے بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ریلوے کی ذمہ داری ہے۔
حکام اس بات کو یقینی بنائیں کہ مسافروں کو انتظار کے دوران مناسب نشستیں، صاف ستھرا ماحول اور دیگر ضروری سہولیات دستیاب ہوں۔
وزیرِ ریلوے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مسافر سہولیات کے حوالے سے غفلت یا ناقص انتظامات کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اسٹیشنز پرسہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔


