کراچی: بچیوں کو نشانہ بنانے والا عادی مجرم گرفتار


کراچی: کم عمر بچیوں کو اغوا و شیطانی ہوس کا نشانہ بنانے والے عادی مجرم رکشہ ڈائیور کو کمسن بچی کے چچا نے رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

شہر قائد کے علاقے عوامی کالونی کورنگی میں پولیس نے ملزم اعجاز کو باقاعدہ گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اعجاز نامی ملزم کو اس وقت پکڑا گیا جب وہ نو سالہ بچی کو بدھ بازار کورنگی سے اغوا کرکے لے جارہا تھا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اپنے ’عادی‘ مجرم ہونے کا اعتراف کرلیا۔

ہم نیوز کو ملنے والے ملزم کے اعترافی بیان کے مطابق اعجاز بچیوں کو چیز دلانے اور یا دس 20 روپے دینے کا لالچ دے کر اپنے ہمراہ لے جاتا تھا اور پھر انہیں درندگی کا نشانہ بناتا تھا۔

ملزم نے اقبالی بیان میں اعتراف کیا ہے کہ اس سے قبل وہ  بہادر آباد میں بھی بچی کو لے جاتے ہوئے رنگے ہاتھوں  پکڑا گیا تھا۔ ملزم چار ماہ قبل ہی جیل سے ضمانت پر رہا ہو کرباہر آیا ہے۔

اعجاز کے مطابق عامل کالونی کورنگی کی رہائشی بچی کو بھی اس نے پیسوں کا لالچ دیا تھا اوربہلا پھسلا کر اپنے ہمراہ لے جارہا تھا کہ بچی کے چچا نے دیکھ لیا اور اسے پکڑ لیا۔

پولیس کو دیئے گئے اعترافی بیان میں ملزم کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے بچی کو قریب ہی واقع بنگالی پاڑہ لے جانے کا ارادہ رکھتا تھا۔

کورنگی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم کا تعلق سکھر سے ہے اور وہ لیاقت آباد میں رہائش پذیر ہے۔

ملزم اعجاز کے خلاف پولیس نے نو سالہ بچی کے والد کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔


متعلقہ خبریں