’غربت میں کمی، کرپشن پر کنٹرول کے لیے چین سے سیکھنا چاہتے ہیں’



بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان غربت میں کمی اور کرپشن پر قابو پانے کے لیے چین کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے۔

یہ بات انہوں نےآج بیجنگ میں سینٹرل پارٹی اسکول آف کمیونسٹ پارٹی آف چا ئنہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی چین سے متاثر ہونے کی سب سے بڑی وجہ چین کا کروڑوں لوگوں کو خط عربت سے باہر نکالنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی تاریح میں پہلی مرتبہ چین نے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں انتہائی کم عرصے میں خط غربت سے باہر نکالا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے کرپشن کو کنٹرول کرنے میں بھی بہت اہم کامیابی حاصل کی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان ان دونوں معاملات میں چین کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔ سی پیک کے تحت قائم کیے جانے والے اسپیشل اکنامک زون پاکستان کی ترقی اور معاشی بہتری کے لیے بہت ہی اہم ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے چین کےساتھ تعلقات کسی ایک شغبہ تک محدود نہیں ہے۔

عمران خاں چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں  شرکت کریں گے

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان آج چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں  شرکت کریں گےجہاں ان کی مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

وزیر اعظم آج بیجنگ میں مصروف دن گزار کر شنگھائی پوہنچ گئے  جہاں وہ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں شریک ہوں گے۔

ایکسپو میں مختلف پاکستانی مصنوعات بھی پیش کی جائیں گی۔ ایکسپو کی سائیڈ لائن پر وزیر اعظم عمران خان مختلف عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

نمائش کے دوران وزیر اعظم کی چین کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

وزیراعظم کا دورہ چین

وزیراعظم نے ہفتے کو اپنے چینی ہم منصب اور چین کے نائب صدر سے بھی ملاقاتیں کیں ۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

دوسری طرف ہفتہ کے روز وزیراعظم عمران خان سے چین کی بڑی صنعتکار کمپنیوں کے سربراہوں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں انہوں نے کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پاور چائنا گروپ یان زی یانگ نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں توانائی ضروریات، سی پیک کے تحت جاری بجلی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔ دوران ملاقات وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا مضبوط بنیادوں پر عمل شروع ہو چکا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت بجلی کی ترسیل اور ٹرانسمیشن لائنز کا نظام بہتر بنانے کی پلاننگ کر رہے ہیں۔ چیئرمین پاور چائنا گروپ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری کرنےکیلئے بذریعہ سرمایہ کاری کردار ادا کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے چائنا رینبو انٹرنیشنل انوسٹمنٹ کمپنی کی چیئرمین لی ڈیکین، چیئرمین چائنا ریلویز کنسٹرکشن کارپوریشن اور چیئرمین بینک آف چائنا گروپ نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم نے ہواوے کمپنی مڈل ایسٹ ریجن کے صدر چارلس یانگ کو ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور انسانی وسائل کی دستیابی سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان محفوظ سرمایہ کاری کیلئے مثالی ملک ہے، اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں