نیا پاکستان ہاوسنگ کے فارمز آن لائن بھی جمع کرائے جاسکیں گے


اسلام آباد: نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام  کے فارمز جمع کرانے کے لیے اب لوگوں کو گھنٹوں قطار میں نہیں لگنا پڑے گا، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ریگولیشن اتھارٹی (نادرا) نے پروگرام کے فارمز آن لائن جمع کرانے کی سہولت متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

نادرا کے ڈائریکٹر رضوان حیدر نے ہفتے کے روز سرکاری ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آن لائن فارم جمع کرانے کی سہولت عوام کو درپیش مسائل کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں عوام کو آئندہ ہفتے خوش خبری سنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فارمز جمع کرانے کے مراکز کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، جس سے فارمز جمع کرانے کی تعداد بھی خاصی کم تھی۔

‘لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا نادرا کی اولین ترجیح ہے، آن لائن فارمز جمع کرانے کی سہولت آن لائن کے بعد دور دراز کے لوگ بھی با آسانی اپنے فارمز جمع کرا سکیں گے۔’

انہوں نے پی ٹی وی کو بتایا کہ دور دراز علاقوں میں لوگوں کو ہاوسنگ پروگرام کے فارمز جمع کرانےکے لیے نادرا نے موبائل ریجسٹریشن وین سروس شروع کردی ہے۔

رضوان حیدر نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ 50 لاکھ سستے مکانات کی تعمیر کے اعلان نے غریب عوام کو امید کی ایک نئی کرن دی ہے۔


متعلقہ خبریں