شہباز شریف کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کر نے کا فیصلہ


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف کو آج لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو لاہور سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 652 سے اسلام آباد لے جایا جائے گا جبکہ  پی آئی اے کی پرواز صبح نو بجے اسلام آباد کے لیے لاہور ائیرپورٹ سے روانہ ہوگی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نیب ٹیم کے ہمراہ لاہور ائیرپورٹ پہنچیں گے۔ ٹیم میں تین ارکان موجود ہوں گے۔

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگ زیب نے کہا تھا کہ شہباز شریف کو کل صبح ساڑھے 9 بجے پارلیمنٹ لائیں گے۔

واضح رہے احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن کی مزید توسیع کردی ہے۔ قومی احتساب بیورو(نیب) نے دس  روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر شہبازشریف کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا تھا۔

نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف سے مزید معلومات کے لیے ریمانڈ میں مزید توسیع درکار ہے۔

احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا کہ دس روز کے اندر کیا تفتیش کی گئی۔


متعلقہ خبریں