لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، جہاں آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور سے دیگر شہروں کے لیے چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 4 فیصد کمی کی جائے گی۔ اجلاس میں نئے کرایہ نامے کے نفاذ کی منظوری بھی دی گئی۔
فیصلے کے مطابق تمام ٹرانسپورٹرز نئے کرایہ نامے پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے، جبکہ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ نظرثانی شدہ کرایہ نامہ بس اڈوں اور ٹرانسپورٹ اڈوں پر نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ مسافروں کو نئی شرحوں سے آگاہی حاصل ہو سکے۔
پیٹرول و ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑی کمی
حکام کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی سے بین الاضلاعی سفر کرنے والے مسافروں کو ریلیف ملے گا اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں گے۔
