فیصل رضا عابدی سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار



اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سابق رہنما فیصل رضا عابدی کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا جس کے بعد انہیں تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا گیا ہے۔

ایس ایچ او  تھانہ سیکرٹریٹ نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ رات عدلیہ مخالف پروگرام کے حوالے سے درخواست موصول ہوئی تھی اور ملزم کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فیصل رضا عابدی کی جانب سے عدالیہ مخالف پروگرام کی دوسری قسط کے بعد ایک درخواست موصول ہوئی تھی جس کو مد نظر رکھتے ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

فیصل رضا عابدی کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کرنے کے بعد معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔

قبل ازیں گزشتہ ماہ ستمبر میں بھی فیصل رضا عابدی کے خلاف چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے  پردہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مقدمے کی ایف آئی آر سپریم کورٹ کے ترجمان شاہد حسین کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کرائی گئی تھی۔

مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 228،500، 505 دو، 506 اور 34 کے تحت درج کیا گیا ہے جب کہ مقدمے میں  انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7  اے بھی لگائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ پہلے سے ہی زیرالتوا ہے۔ سابق سینیٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے چیف جسٹس پاکستان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی۔


متعلقہ خبریں