لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) نے اپنے رہنما رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے باز پرس کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تین رکنی خصوصی کمیٹی میں راجہ ظفر الحق، سردار ایاز صادق اور رانا تنویر شامل ہیں۔
مذکورہ کمیٹی دو ہفتے میں تحقیقات کرکے اپنی سفارشات کے ساتھ رپورٹ پیش کرے گی اور تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں رانا مشہود سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
رانا مشہود نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ مسلم لیگ کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور جلد ہی پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے وزیراعظم نہ بننے پر افسوس ہے۔
ان کا کہنا تھا شہبازشریف سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے معاملات ٹھیک کرنے میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔
بعد ازاں ’ ہم نیوز کے شو’بڑی بات‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے اپنے بیان کی تردید کی اور کہا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے رانا مشہود کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذکورہ بیان سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھی رانا مشہود کے بیان کو بے بنیاد اور غیرذمہ دارانہ قرار دیا تھا۔