جنوبی کوریا نے سرحد پر نصب بارودی سُرنگیں ہٹانا شروع کردی


سیول: جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے ساتھ طے پانے والے حالیہ معاہدہ کے تحت پڑوسی ملک سے ملحق سرحد پر نصب بارودی سرنگیں ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

دونوں ملکوں کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ بارودی سرنگوں کو سرحدوں سے  شمالی اور جبوبی کوریا کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہد کے تحت ہٹائی جا رہی ہیں۔ 

دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ پیانگ یانگ میں گزشتہ ماہ ہوا تھا۔ جنوبی و شمالی کوریا رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے معاہدہ کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان فوجی کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے بہت سارے اقدامات پر اتفاق ہوا تھا۔

باہمی معاہدہ میں طے پایا تھا کہ سرحد سے 20 دنوں میں بارودی سُرنگیں ہٹا دی جائیں گی۔ اس اقدام کی وجوہات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ بارودی سُرنگیں ہٹانے سے دونوں ملکوں میں اعتماد کا رشتہ پیدا ہو گا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جنوبی کوریا نے اپنی سرحد کے اندر دو مقامات سے بارودی سرنگیں ہٹانا شروع کر دی ہیں تاہم شمالی کوریا کی جانب سے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ وہ بھی اپنی سرحد کے اندر نصب بارودی سرنگیں ہٹا رہا ہے۔

معاہدہ کے بعد توقع ظاہر کی گئی تھی کہ دونوں ملک اپنی 248 کلومیٹر طویل سرحد پر نصب 20 لاکھ بارودی سرنگیں ہٹائیں گے۔

کوریا امریکہ جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ شمالی و جنوبی کوریا اپنی سرحدوں پر دفاعی مقاصد کے لیے نصب بارودی سرنگیں ہٹا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں