مکانات کا منصوبہ: بے گھر افراد سے درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ


لاہور: تحریک انصاف کی حکومت نے بے گھر افراد سے اکتوبر کے وسط سے گھروں کے لیے درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس سلسلے میں للا کے مقام پر نیا شہر آباد کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔

ہم نیوز کو ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق بے گھر افراد کی آبادکاری منصوبہ کے تحت پنجاب حکومت کلر کہار اور بھیرہ کے درمیان للا کے قریب نیا شہر بسانے کی تجویز پرغور کر رہی ہے۔

مذکورہ شہر میں مکانات تعمیر کر کے بے گھر افراد کو دیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد کو گھر دینے کے لیے ‘اپنا گھر’ کے نام سے  اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ یہ اتھارٹی بے گھر افراد کو گھر فراہم کرنے کے حوالے سے کام کرے گی۔ 

معاملہ سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنا گھر اتھارٹی  کے قیام کے لیے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے قراردادیں پاس کروائی جائیں گی۔ ان  قراردادوں کی بیناد پر بے گھر افراد کے لئے گھر فراہم کرنے کی غرض سے  قانون سازی کی جائے گی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 اکتوبر سے درخواستیں طلب کر کے گھرو ں کی طلب کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔

موصول ہونے والی درخواستوں کی روشنی میں گھروں کی طلب اور ان کی کیٹیگری کا تعین کیا جائے گا۔ انہی درخواستوں کی بنیاد پر پہلے سال کے لیے گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مرکز کی سطح پر قائم ٹاسک فورس نے ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ نئے شہر بنانے کے ساتھ ساتھ  پہلے سے آباد شہروں میں سرکاری جگہوں پر بھی گھر بنائیں جائیں گے۔

بے گھر افراد کو مکان مہیا کرنے کی غرض سے نادرا کی مدد سے فارم تیار کیا جائے گا۔ یہ فارم معمولی قیمت پر مقررہ بینکوں سے دستیاب ہوگا۔


متعلقہ خبریں