راولپنڈی: پاک فوج نے شمالی وزیریستان کے غرلامائی اور سپیرا کنڑالغاد کے علاقوں میں آپریشن کر کے نو دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروپ کی سرحد پار سے داخل ہونے اور ایک کمپاؤنڈ میں چھپے ہونے کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں افسر سمیت پاک فوج کے سات اہلکار شہید ہوئے ہیں۔ شہدا میں کیپٹن جنید سمیت حوالدارعامر،حوالدار عاطف، حوالدار ناصر،حوالدارعبدالرزاق،سپاہی سمیع اور سپاہی انوربھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کامیاب آپریشن کے بعد پاک فوج نے علاقے کو کلیئر قرار دے دیا ہے جب کہ دہشت گردوں کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نےشمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فوجی افسر اور جوانوں کی بہادری اور جرآت کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے بہادر افسر اور جوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے، شہداء نے اپنے قیمتی خون سے پاکستان میں امن کی تاریخ رقم کی ہے، ان بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔