ترکی: جائیدادکی خرید وفروخت ’لیرا‘میں ہوگی


استنبول: ترکی کے صدررجب طیب ایردوان کے حکم سے ملک میں جائیداد کی خرید و فروخت مقامی کرنسی ’لیرا‘ میں کرنے کو لازمی قراردے دیا گیا ہے۔

ترکی کے نشریاتی ادارے ٹی آرٹی کے مطابق صدارتی حکم کے تحت اب جائیداد کی خرید و فروخت کے ساتھ ساتھ مکانات یا اپارٹمنٹس کے کرائے بھی ترک کرنسی میں طے کیے جائیں گے۔

ٹی آرٹی کے مطابق غیرملکیوں کو بھی ترک کرنسی کے استعمال کا پابند بنایا گیا ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک حکومت کا یہ فیصلہ دراصل ملکی کرنسی کی قدر کو بہتر کرنے کی ایک کوشش ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ اورترکی کے درمیان شروع ہونے والے تنازع کے بعد سے لیرا سخت دباؤ میں ہے اورصدررجب طیب ایردوان مقامی کرنسی کو دباؤ سے نکالنے کی حتی الامکان کوشش کررہے ہیں۔

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے گزشتہ روز انقرہ میں چھوٹے تاجروں کی انجمن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ترکی میں معاشی بحران نہیں بلکہ ایک عالمی سازش ہو رہی ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وطن کو گزشتہ چند سالوں میں بغاوت، دہشت گردی کے واقعات اور اقتصادی مشکلات کا سامنا رہا ہے لیکن حکومت ٹھوس اقدامات اختیار کرتےہوئے ان تمام مشکلات پر قابو پا لے گی ۔

رجب طیب ایردوان نے کہا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود سیاسی استحکام کے نتیجے میں معیشت کاپہیہ بلا کسی تردد کے چل رہا ہے اور قوم کی سماجی استعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک ڈالر میں اتار چڑھاؤ کا سوال ہے تو بتاتا چلوں کہ یہ معاشی بحران نہیں ہے بلکہ ایک عالمی سازش ہے جسے ناکام بنا دیا جائے گا۔

انہوں نے انقرہ کے چھوٹے تاجروں کی انجمن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سود کی بلند شرح کا اصل مقصد افراط زر کی شرح بڑھانا ہے جس کےلیے سود جیسی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔


متعلقہ خبریں