لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کی سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
یہ نشست چوہدری سرور کے استعفے کے باعث خالی ہوئی تھی، خالی نشست پر ضمنی انتخاب تین اکتوبر کو پنجاب اسمبلی میں ہو گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 13 ستمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں جبکہ امیدواروں کے ناموں کی فہرست 14 ستمبر کو جاری کی جائے گی۔
پنجاب سے خالی نشست پر امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 18 ستمبر تک ہو گی، انتخاب سے دستبردار ہونے والے امیدوار 25 ستمبر تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔
اس سے قبل 3 ستمبر کو چوہدری سرور نے سینیٹ میں اپنی الوداعی خطاب کیا تھا جس میں ان کی مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید کے ساتھ نوک جھونک بھی ہوئی تھی۔
پرویز رشید نے کہا تھا کہ جانے سے پہلے وہ اس راز سے پردہ اٹھاتے جائیں کہ انہوں نے پنجاب اسمبلی سے سینیٹ نشست کیسے جیتی۔
چوہدری سرور نے رواں برس مارچ میں سینیٹ کی نشست جیتی تھی۔ وہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی سے سینیٹ کے امیدوار تھے۔