نئی دلی: امریکی سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے درمیان ہونے والی ملاقات کے مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
امریکی اور بھارتی مطالبہ کے بارے میں پاکستان متعدد بار واضح کر چکا ہے کہ گزشتہ 17 برسوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کی قربانی کے علاوہ ایک ارب ڈالر سے زائد کا نقصان برداشت کیا گیا ہے۔ یہ حقائق واضح کرتے ہیں کہ معاملہ پر پاکستان کا طرز عمل کیا ہے۔
دونوں اعلیٰ عہدیداران کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی’ٹو پلس ٹو‘ ملاقات میں کالعدم تنظیموں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
مشترکہ اعلامیہ میں ممبئی، پٹھان کوٹ اور اڑی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت داؤد ابراہیم کو پاکستان میں تلاش کیا جائے گا۔
امریکہ اور بھارت کے درمیان مواصلات اور سیکیورٹی کے معاہدوں سمیت افغان امن عمل اور دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان اگلی ٹو پلس ٹو ملاقات 2019 میں امریکہ میں کیا جانا طے پایا ہے۔