ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کے دورے پر پہنچ گئے

ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کے دورے پر پہنچ گئے

اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، ان کے اسلام آباد پہنچنے پر دفتر خارجہ کے سینئر حکام نے ہوئی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نئی حکومت کے وجود میں آنے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی مہمان ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ایران پاکستان کا ایک برادر مسلم ملک ہونے کے ساتھ ساتھ اہم ہمسایہ بھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دورہ پاکستان کے دوران ایران کے وزیر خارجہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے اور اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے تفصیلی مذاکرات کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر سے بھی ملاقات کریں گے۔


متعلقہ خبریں