عثمان بزدار نے وزارت اعلی کا حلف اٹھا لیا


لاہور: نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہی نے ان سے حلف لیا۔

اس سے قبل عثمان بزدار اپنے عہدے کا حلف لینے کے لیے سرکاری گاڑی کے بجائے ذاتی گاڑی میں گورنرہاؤس پہنچے۔

میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کا پیسہ قوم پر خرچ ہو گا، سرکاری وسائل کو امانت سمجھ کر دیانت داری سے خرچ کریں گے۔

اس موقع پر قائم مقام گورنر چوہدری پرویز الہی، نگراں وزیراعلی حسن عسکری اور رکن پنجاب اسمبلی علیم خان سمیت متعدد اراکین اسمبلی بھی گورنر ہاؤس موجود تھے۔

عثمان بزدار پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزارت اعلی کے منصب کے لیے نامزد کیے گئے اور 186 ووٹ حاصل کر کے وزیراعلی منتخب ہوگئے، ان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز نے 159 ووٹ حاصل کیے تھے۔

وزارت اعلیٰ کے لیے ہونے والے انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی نے کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا، اس سے قبل وزارت عظمی کے انتخابات کے دوران بھی پیپلزپارٹی غیرجانبدار رہی تھی۔


متعلقہ خبریں