حج کا رکن اعظم عرفہ آج ادا کیا جائے گا


مکہ مکرمہ: حج کا رکن اعظم عرفہ آج ادا کیا جائے گا، منیٰ کی خیمہ بستی ایک سال بعد دوبارہ آباد ہو گئی ہے،  ترجمان  وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری اسکیم کے تمام عازمین حج منیٰ پہنچ  چکے ہیں۔

عازمین حج آج منیٰ میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گا۔

عازمین حج میدان عرفات میں نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا  کریں گے اور مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد عصر اور مغرب کے درمیان وقوف کریں گے جس میں حجاج اللہ تعالیٰ کے حضور ذکرو تسبیح کے ساتھ  دعائیں کریں گے۔

نماز مغرب سے قبل میدان عرفات چھوڑنے کا حکم ہے اس لیے حجاج میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے اور وہاں مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔

حجاج کرام مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے قیام اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ میں اپنے اپنے خیموں میں جائیں گے اور قربانی کرنے کے بعد بال منڈوائیں گے۔

پہلے دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج مکہ مکرمہ جا کر مسجدالحرام میں طواف زیارت کرسکتے ہیں۔

دوسرے اور تیسرے دن بھی شیطان کو کنکریاں مارنا حج کا رکن ہے اور تینوں دن منی میں رات کا ایک خاص پہر گزارنا تمام عازمین حج پر واجب ہے۔

حجاج کرام تیسرے دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد مستقل طور پر منیٰ سے مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے اوراس طرح مناسک حج کی تکمیل ہوجائے گی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ منیٰ میں دفتر امور حجاج  پاکستان کا مین کنٹرول آفس 24 گھنٹے کام کر رہا ہے جس میں تمام مکاتب کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شعبہ شکایات، ہیلپ لائن، رہنمائی، گمشدگی  اور بازیابی، رہائش و خوراک، آئی ٹی اور مانیٹرنگ پوری طرح فعال ہیں۔

ترجمان کے مطابق سبز اسکارف اور قومی پرچم لیے معاونین رہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر تعینات کیے جا چکے ہیں اور رہنمائی کا نیٹ ورک مکہ مکرمہ، منیٰ  اورعرفات تک پھیلا ہوا ہے۔

تمام مکاتب نے منی کے لیے روانگی 7 ذی الحجہ کی شام سے شروع کر دی تھی۔

ترجمان مذہبی امور نے کہا ہے کہ عازمین حج کسی بھی مشکل کی صورت میں مفت ہیلپ لائن پر کال کریں۔

عازمین حج کو صورت حال کے مطابق ہدایات دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ منیٰ میں گرم موسم کے باعث عازمین حج پانی اور چھتری کا استعمال کریں۔

ترجمان مذہبی امور نے بتایا کہ عازمین حج کی عرفات روانگی آج  آدھی رات کے بعد شروع ہو جائے گی، عازمین کرام کل حج کا رکن اعظم وقوف عرفات کریں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ عازمین حج اپنے مکاتب کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کی صورت میں ہیلپ لائن یا موبائل ٹیموں سے رابطہ کریں۔


متعلقہ خبریں