اقوام متحدہ کا دہشتگردی کے خلاف پاکستانی کاوشوں کا اعتراف

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اقوام متحدہ نے پاکستان کی انسداد دہشتگردی کے لیے کی جانے والی  کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں انتہائی موثر قرار دیا ہے۔

پاکستان کی کوششوں کا اعتراف سلامتی کونسل کی اقوام متحدہ  کی پابندیوں سے متعلق مانیٹرنگ کمیٹی 1267 کی 22 ویں رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے انسداد دہشتگردی کیلئے انتہائی موثر کارروائیاں کیں، رپورٹ  میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کے موثر آپریشنز کے باعث داخلی سطح پر دہشتگردی کم ہوئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقعہ نہیں کہ مانیٹرنگ ٹیم نے پاکستان کی انسداد دہشتگردی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا اعتراف کیا گیا بلکہ  اقوام متحدہ نے اپنی 21ویں رپورٹ میں بھی پاکستان کے کامیاب فوجی آپریشن کا برملا ذکر کیا تھا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے داعش کوملک میں پنجے نہیں گاڑنے دیے، رپورٹ میں تسلیم کیاگیا ہے کہ پاکستان میں داعش کے دہشتگرد حملے مقامی تنظیموں اور سرحد پار تعاون سے ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ رپورٹ کے ساتھ گلوبل ٹیررازم انڈیکس نے بھی پاکستان میں قیام امن کو تسلیم کیا ہے۔


متعلقہ خبریں