عید پر سندھ رینجرز کی سیکیورٹی حکمت عملی تیار


کراچی:  سندھ رینجرز نے کراچی میں عیدالاضحیٰ کے موقع  پر سیکیورٹی کے لیے مربوط حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)  رینجرز سندھ  میجر جنرل محمد سعید کی زیر صدارت کراچی کے رینجرز ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح  کا اجلاس ہوا جس میں پولیس افسران سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں امن و امان کی صورت حال، بالخصوص عیدالاضحیٰ  پر حفاظتی انتظامات کے علاوہ عوام کے تحفظ، مویشی منڈیوں، کمرشل علاقوں اور تفریحی مقامات پرسیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ ممکنہ دہشت گردی، اسٹریٹ کرائم کے واقعات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے بھرپور حکمت عملی تیار کی گئی۔

ڈی جی رینجرز نے جبری طور پر کھالیں جمع کرنے والے عناصر، ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

ملک بھر میں عید الاضحیٰ 22، 23 اور 24 اگست کو مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی جس کی آمد سے قبل شہریوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف ہے۔

شہریوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے بھر پور حکمت عملی اپنائی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نمٹا جا سکے اور کوئی خوش گوار واقعے رونما نہ ہو سکے۔


متعلقہ خبریں