کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دن دیہاڑے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اصغر علی نامی شخص جاں بحق ہو گیا جب کہ واقعہ کے وقت گاڑی میں موجود خاتون محفوظ رہی۔

ناظم آباد انڈر پاس کے قريب پيش آنے والے واقعہ کے متعلق سینیئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ايس ايس پی) عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے اے اے سی 803 نمبر پليٹ کی حامل گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ملیر کا رہائشی اصغر علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے وقت گاڑی میں ایک خاتون بھی سوار تھی جو واقعہ کے بعد رکشے میں سوار ہو کر جائے وقوعہ سے چلی گئی۔

تفتیش کے دوران مقتول اصغر کے دوست سے معلوم ہوا کہ گاڑی میں سوار خاتون کمپنی میں مقتول کے ساتھ ملازمت کرتی تھی۔

گاڑی سے اتر کر جانے والی خاتون فرحت سلطانہ نے پولیس کو تفتیش میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ ناظم آباد انڈر بائی پاس کے قريب نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی تھی۔

میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں