نو منتخب ارکان قومی اسمبلی آج حلف اٹھائیں گے

ن لیگ 20، پیپلز پارٹی کو 13 مخصوص نشستیں ملنے کا امکان

اسلام آباد: پندرہویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس پیر 13 اگست کو صبح 10 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو رہا ہے جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ  نے نومنتخب ارکان کی حلف برداری، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے،  قومی اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب ارکان کی حلف برداری، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم  کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، ارکان کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری کیا گیا کارڈ ساتھ  لانا لازمی ہو گا۔

اجلاس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھانے کے بعد  فہرست پر دستخط کریں گے جبکہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی  منگل 14 اگست کو دوپہر 12 بجے تک سیکرٹری قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع کرائے جا سکیں گے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب بدھ  15 اگست کو کیا جائے گا۔

نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کے کوائف اکٹھا کرنے اور قومی اسمبلی کے کارڈز کے اجرا کے لیے قومی اسمبلی کے کمیٹی روم نمبر 2 میں خصوصی سہولت مرکز قائم کیا گیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم جبکہ سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کو اسپیکر نامزد کیا گیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم کے لیے مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف جبکہ اسپیکر کے لیے پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ کو نامزد کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں