لاہور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے عابد شیر علی کی دائر کردہ درخواست لاہور ہائی کورٹ نے مسترد کر دی تھی جس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس مامون الرشید نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیرعلی کی درخواست کے متعلق حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست گزار قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتا ہے۔
ن لیگی رہنما نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ ریٹرنگ آفسر نے حقائق کے برعکس دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کی ہے عدالت حلقہ میں دوبارہ گنتی کے احکامات دے۔
لاہور ہائی کورٹ نے دو اگست کو مختصر فیصلہ سناتے ہوئے عابد شیرعلی کی درخواست مسترد کردی تھی۔
عابد شیرعلی کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 سے 1200 ووٹوں سے شکست ہوئی تھی انہوں نے اپنی درخواست میں استدعا کی تھی کہ کامیابی کا مارجن بہت کم ہے، عدالت حکم دے کہ دوبارہ گنتی کی جائے۔
این اے 108 سے پاکستان تحریک انصاف کے فرخ حبیب ایک لاکھ سے زائد ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے۔