خیبر پختونخوا کے سابق صوبائی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عاطف خان نے اپنی بھتیجی کی شادی میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی شرکت پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”جنرل باجوہ کو ہم نے نہیں لڑکے والوں نے مدعو کیا تھا۔“
گزشتہ روز پشاور میں شادی کی تقریب میں سابق آرمی چیف قمرجاوید باجوہ کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، سابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر، اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرعلامہ راجا ناصرعباس اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک ہوئے تھے، سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو سابق آرمی چیف کے ساتھ بیٹھے، گفتگو کرتے اور خوشگواراندازمیں ملاقات کرتے دیکھا گیا تھا۔
گردش کرنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں بیرسٹرگوہر اور اسد قیصرسمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کو سابق آرمی چیف سے مصافحہ اور بات چیت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس تقریب کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر مرکزی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور خاص طور پر سوشل میڈیا صارفین نے عاطف خان پر تنقید کی کہ انہوں نے اپنی بھتیجی کی شادی کی تقریب میں سابق آرمی چیف کو مدعو کیوں کیا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جنرل (ر) باجوہ پر الزام لگایا جاتا ہے کہ عمران خان حکومت کو گرانے میں ان کا مرکزی کردار تھا، سابق وزیراعظم بھی بارہا اس موقف کو دہراچکے ہیں۔
@AtifKhanpti https://t.co/tJHqochThp
— Abubakar Saddiq (@AbubakarSaddiqB) November 5, 2026
خیبرپختونخوا کے سابق وزیر عاطف خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں وہ کسی نامعلوم ادارے کو انٹرویو دے رہے ہیں۔ اس موقع پر اُن سے انکی بھتیجی کی شادی میں جنرل باجوہ کو مدعو کرنے سے متعلق سوال کیا جاتا ہے جس پر وہ کہتے ہیں”جب بچے بچیوں کی شادی ہوتی ہے، گیسٹ آتے ہیں، پھر اسپیشلی (خصوصی طور پر) باجوہ صاحب پر تنقید ہورہی ہے، تو وہ لڑکے والوں کی طرف سے تھے”
اپنی وضاحت میں وہ مزید کہتے ہیں کہ ”لڑکے والوں سے یہ نہیں پوچھا جاتا کہ ان کی طرف سے کون کون شرکت کرے گا بلکہ صرف یہ معلوم کیا جاتا ہے کہ مہمانوں کی تعداد کتنی ہوگی تاکہ اسی حساب سے انتظامات کیے جا سکیں۔“

انہوں نے مزید کہا کہ “پیپلزپارٹی کے ایم این اے ہیں، نیازی صاحب ان کے بیٹے کی شادی تھی، تو وہ(جنرل باجوہ) لڑکے والوں کی طرف سے آئے تھے، لڑکے والوں کی مرضی ہوتی ہے، وہ جسے بلائیں، لڑکی والے تو یہ نہیں کہہ سکتے کہ آپ کسی کو بلائیں اور کسی کو نہ بلائیں، تو سب ہمارے اپنے ہی لوگ ہیں، کسی کو پتا نہیں ہوتا تو بس اعتراض کردیتے ہیں۔”
عاطف خان نے کہا کہ “ہمیں تو خود یہ نہیں پتا تھا کہ لڑکے والوں کی طرف سے کون کون مہمان آرہا ہے، انہوں نے (جنرل باجوہ کو) بلایا ہوگا، اب لڑکے والے بھی سیاسی ہیں، ایم این اے، فوج میں رہے ہیں اور باجوہ صاحب ان کے جاننے والے ہیں، تو انہوں نے بلایا ہوگا، ہم نے تو اپنے دوست، پی ٹی آئی کے ایم پی ایز، سینیٹرز انہی کو انوائٹ (مدعو) کیا تھا۔
خیال رہے کہ عاطف خان کی بھتیجی حنان خان کی شادی پیپلز پارٹی سے وابستہ کرنل (ر) اسد عالم نیازی کے صاحبزادے سے ہوئی جو برشین ایل پی جی پاکستان لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی ہیں۔


