وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی کے ایس ایچ او کو’ مبینہ رشوت‘ لینے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معطل کردیا گیا۔
تھانہ سنگجانی کے ایس ایچ او کی مبینہ بدعنوانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں ٹرک چھوڑنے کے عوض رقم وصول کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تھانہ سنگجانی کے ایس ایچ او کی مبینہ بدعنوانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
وائرل ویڈیو میں ایس ایچ او کو ٹرک چھوڑنے کے عوض رقم وصول کرتے دیکھا جا سکتا ہے
آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کا وائرل ویڈیو کا فوری نوٹس
ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے ایس ایچ او تھانہ سنگجانی کو معطل کر دیا
ایس پی صدر زون کاظم نقوی کو واقعے کی شفاف انکوائری کی ہدایت
انکوائری رپورٹ 24 گھنٹے میں طلب کر لی گئی
واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، اسلام آباد پولیس
اختیارات کے ناجائز استعمال یا بدعنوانی کے شواہد ملنے پر قانونی کارروائی ہوگی، پولیس
— Ahmed Bhatti (@Rayahmadbhatti) October 29, 2026
آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے وائرل ویڈیو کا فوری نوٹس لے لیا، ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے ایس ایچ او تھانہ سنگجانی کو معطل کر دیا اور ایس پی صدر زون کاظم نقوی کو واقعے کی شفاف انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے انکوائری رپورٹ 24 گھنٹے میں طلب کر لی۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا،اختیارات کے ناجائز استعمال یا بدعنوانی کے شواہد ملنے پر قانونی کارروائی ہوگی۔
یاد رہے پچھلے ماہ بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس اہلکار کے رشوت مانگنے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اہلکار قانون کی پاسداری کرانے کے بجائے شہری کے ساتھ کھلے عام رقم کا سودا کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
موبائل فون سے بنی ہوئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی نیلی شرٹ اور گلے میں رومال ڈالے ایک اہلکار نے سڑک پر ایک کار سوار شہری کو روکا جہاں اس اہلکار نے قانونی اقدام کرنے کے بجائے گاڑی کی کھڑکی پر جھک کر رشوت کا مطالبہ شروع کردیا۔
اسلام آباد:بس تین چارہزاردوزیادہ نہیں آپ بھائی ہو،چارہزارکاچالان ہےآپ تین ہزاردےدو۔
وفاقی پولیس کےجوان کی شہری نےرشوت مانگتےہوےویڈیوبنالی۔ https://t.co/DjoJGCuhWG
— Ali Imran Abbasi (@aliimranabbasi) September 9, 2026
ویڈیو میں اہلکار کو نہایت دوستانہ اور ’ہمدردانہ‘ انداز میں شہری سے مول بھاؤ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے جس میں اہلکار کہتا ہے کہ ’کوئی کھانا شانا کھلاؤ، بس 3،4 ہزار دو، زیادہ نہیں، آپ بھائی ہو، ویسے تو 4 ہزار روپے کا چالان بنتا ہے لیکن آپ مجھے3 ہزار دے دو، چلو کچھ نہیں ہوتا‘۔
ویڈیو کے مناظر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار گاڑی میں بیٹھے ڈرائیور سے کاغذات چیک کرنے کے بعد اس کو واپس کر رہا ہے، ایک طرف وہ شہری کو بھائی کہہ کر رعایت دینے کا دلاسہ دے رہا ہے تو دوسری جانب رقم کی وصولی پر زور دے رہا ہے، تاہم، کار سوار شہری نے نہایت چالاکی سے اس تمام گفتگو اور رقم کے لین دین کے مطالبے کی ویڈیو اپنے موبائل کیمرے میں محفوظ کرلی۔
