سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کے لیے ایک دن باقی رہ گیا ہے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ 20 اکتوبر تک واجبات کی ادائیگی لازمی مکمل کر لیں۔
حج 2027 کے لیے درخواستوں کا عمل 17 اگست کو شروع ہوا تھا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے اعلان کیا تھا کہ پہلی قسط کے لیے درخواستیں اسی تاریخ سے وصول کی جائیں گی، جبکہ دوسری قسط اکتوبر میں جمع کرائی جائے گی۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کا کوٹہ جبکہ مختصر دورانیے کے حج کے لیے الگ سے 30 ہزار عازمین کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی گئیں۔
’عازمین نیشنل آئی ٹی بورڈ کا حج پورٹل یا پاک حج ایپ استعمال کر سکتے ہیں‘
ترجمان مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج واجبات کی ادائیگی کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کا حج پورٹل یا پاک حج ایپ استعمال کر سکتے ہیں، حج پورٹل پر بینک کارڈ، ون لنک یا دستی بینک چالان کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دستیاب ہے۔
ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ حج درخواست کی منسوخی سے بچنے کے لیے واجبات مقررہ وقت کے اندر جمع کروائے جائیں، مقررہ تاریخ تک رقم جمع نہ کرانے والوں کی درخواستیں منسوخ کی جا سکتی ہیں۔
ڈاکٹر سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی تصدیق کروانا بھی لازم
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج کے لیے حج پورٹل پر موجود میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرکے ڈاکٹر سے اس کی تصدیق کروانا بھی لازم ہے۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین کو نئی معلومات اور ہدایات کے لیے پاک حج ایپ استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
خیال رہے کہ حج درخواستیں وصول کرنے کے لیے ایک نجی بینک کو باضابطہ شراکت دار مقرر کیا گیا ہے، جس کی ملک بھر میں 1700 سے زائد شاخوں کے ذریعے درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اسلامی بینکاری کے اصولوں کے مطابق اس سہولت کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

