نبیل گبول کے کراچی ایئر پورٹ پر جھگڑے کی ویڈیو وائرل

کراچی: پی پی رہنما لطیف کھوسہ کے گھر پہ دھاوا، نبیل گبول کے خلاف ایف آئی آر درج

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول کے کراچی ایئر پورٹ پر مسافر سے جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نبیل گبول کی برہمی اور جھگڑے کی وجہ مسافر کی جانب سے لیاری میں کارکردگی  پر سوال کیا جانا تھا، جبکہ نبیل گبول کا مؤقف ہے کہ مسافر کافی دیرسے زچ کر رہا تھا اوراس کی ہر ممکن کوشش تھی کہ میں غصے میں آ کر کوئی قدم اٹھاؤں۔

 

پیپلزپارٹی کے  رہنما نے ’ہم نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جھگڑے کی وجہ بننے والے مسافر نے دبئی ایئرپورٹ پر بیٹھ کر شراب کے نشے میں  پاکستانی سیاست دانوں حتیٰ کہ عمران خان کو بھی گالیاں دیں تو میں نے اسے سمجھایا کہ بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کی بدنامی نہ کرو۔

انہوں  نے بتایا کہ مسافر نے سفر کے دوران بھی کئی لوگوں سے جھگڑا کیا، کراچی ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد جھگڑا کرنے والے مسافر نے ایک بار پھر پاکستانی سیاست دانوں کو گالی دی۔

سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ  اسمبلی نبیل گبول کا کہنا تھا میں اسے سمجھانے کی غرض سے پاس گیا تو وہ نشے میں ہونے کے باعث پیچھے مڑنے کی کوشش میں  گر گیا۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں گالیوں کی آواز میری نہیں بلکہ دوسرے مسافروں کی ہے جو اسے گالیاں دے رہے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ مسافر کی جانب سے نبیل گبول کے خلاف رابطہ کیا گیا ہے نہ کوئی درخواست دی گئی  ہے۔


متعلقہ خبریں