پاک افغان سرحدی علاقے گلستان سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی حدود میں داخل ہونے اور جارحیت کی کوشش سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش پر سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے جبکہ سرحدی علاقے میں سکیورٹی فورسز کو مکمل طور پر چوکس کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کی حدود میں ہونے والی کسی بھی دراندازی یا جارحیت کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کے لیے سکیورٹی فورسز ہمہ وقت تیار ہیں۔
حکام کے مطابق سرحدی صورتحال پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک
دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدارمیں اسلحہ و گولہ بارود اوردیگر سامان بھی برآمد کیا گیا جبکہ فورسز کی مؤثر کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی مکمل تباہ کر دیا گیا۔
آپریشن کی تفصیلات بارے ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز سے بچنے کیلئے دہشت گردوں نے مسجد کو بطور ڈھال استعمال کرنے کی کوشش کی تاہم فورسز نے مسجد کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے انتہائی مہارت سے خوارج کو نشانہ بنایا۔
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فورسز خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور اس مقصد کے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وفاقی حکومت کے مطابق پاکستان کو افغانستان سے دہشت گردی کا سامنا ہے جس میں طالبان حکومت بھی مبینہ طور پر ملوث ہے۔ گزشتہ روز سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغان صوبے ننگرہار اورپکتیا میں افغان پوسٹوں سے افغان طالبان کی زیرنگرانی فتنہ الخوارج کی کرم سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ناکامی کے بعد کرم سیکٹر میں افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی جس میں بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور دیگر اسلحے کا استعمال کیا گیا تاہم پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بھرہور جوابی کاررروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کروا دیں۔



