پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی خان آزاد ریاست جموں وکشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
نئے صدر کے انتخاب کے لیے آج ہونے والی ووٹنگ میں ڈاکٹر نجیب نے 32 ووٹ لیے جبکہ ان کے مد مقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کے حصے میں 13 ووٹ آئے۔
نو منتخب صدر ریاست آج ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، حلف برداری کی تقریب 5 بجے ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد ہوگی جہاں اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق ڈاکٹر نجیب سے حلف لیں گے۔
واضح رہے کہ نو منتخب صدر آزاد جموں و کشمیر کے اپنے حلقے میں انتخابات ہونا ابھی باقی ہیں۔ ڈاکٹر نجیب نقی ایل اے 23 سدھنوتی سے (ن) لیگ کے امیدوارتھے جہاں دیگر 6 حلقوں سمیت 10 اگست کو ہونے والے انتخابات آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ملتوی کر دیے تھے جو تاحال منعقد نہ کیے جا سکے۔
تاہم ان کے انتخاب کے بعد ریاست کی تینوں ڈویژنز میں آئینی عہدے برابر تقسیم ہو گئے ہیں۔ اسپیکر اسمبلی طارق فاروق کا تعلق میرپور ڈویژن سے، وزیر اعظم افتخار گیلانی کا تعلق مظفرآباد ڈویژن سے جبکہ صدر ڈاکٹر نجیب نقی پونچھ ڈویژن سے تعلق رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر نجیب نقی خان کون ہیں؟
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان 19 جنوری 1964 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق سدھن قبیلے سے ہے اور ان کا خاندان طویل عرصے سے آزاد کشمیر کی سیاست اور عوامی خدمت سے وابستہ ہے۔ ان کے والد کرنل محمد نقی خان آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن اور وزیر صحت و خوراک رہے جبکہ ان کے دادا خان محمد خان کو بابائے پونچھ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر نجیب نے ایچی سن کالج سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور 1988 میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس کیا۔
ڈاکٹر نجیب نقی نے 1990 میں اپنے والد کرنل نقی محمد کی وفات کے بعد سیاسی میدان میں قدم رکھا اور 1996 میں ممبر اسمبلی ہو کر اپوزیشن میں رہے۔ 2001 میں وہ ممبر کشمیر کونسل منتخب ہوئے اور پھر 2006 میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے پلیٹ فارم سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور وزیر صحت کا عہدہ سنبھالا۔
اپنے سیاسی کیریئر کے دوران وہ کل 5 مرتبہ ممبر اسمبلی منتخب ہوئے اور صحت، تعلیم، خزانہ، ترقیاتی و منصوبہ بندی کے وزیر بھی رہے۔
ڈاکٹر نجیب نقی نے اپنے سیاسی سفر میں سدھنوتی کی ترقی اور بنیادی سہولیات پر بھی توجہ دی۔ ان کی کوششوں سے علاقے کو ضلع کا درجہ دلانے اور ترقیاتی منصوبوں کے فروغ میں کردار ادا کیا گیا۔
آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ایکشن پلان کی تیاری میں بھی ان کا کردار رہا۔
وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی، وزیر اعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے اور “امید ہے ڈاکٹر نجیب نقی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔”
پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
