یوٹیوب نے اسمارٹ ٹی وی صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کیلئے اکاؤنٹ لاک کا نیا فیچر متعارف کرا دیا۔
کمپنی نے اپنی یوٹیوب سپورٹ ویب سائٹ پر بتایا کہ اکاؤنٹ لاک کا مقصد مشترکہ طور پر استعمال ہونے والے ٹی وی پر صارفین کی انفرادی پروفائل کو محفوظ رکھنا ہے۔
Sharing your TV with others? You can now lock your YouTube account with a four-digit code for additional peace of mind.
Here’s how you can enable account lock and secure your account on your TV ➡️ https://t.co/v1tirBjFXq pic.twitter.com/KP5rQYnC7H
— TeamYouTube (@TeamYouTube) September 10, 2026
عام طور پر گھر میں استعمال ہونے والے اسمارٹ ٹی وی کو خاندان کے کئی افراد یا روم میٹس استعمال کرتے ہیں۔ ایسی صورت میں کسی دوسرے فرد کی جانب سے یوٹیوب کی پروفائل کھولنے سے ذاتی ویڈیو سفارشات، سبسکرپشنز اور سرچ ہسٹری متاثر ہوسکتی ہے۔
نئے اکاؤنٹ لاک فیچر کے ذریعے صارفین اپنی یوٹیوب پروفائل کیلئے چار ہندسوں کا کوڈ مقرر کرسکیں گے۔ اس کے بعد مخصوص اکاؤنٹ تک رسائی کیلئے یہ کوڈ درکار ہوگا جس سے صارف کی ذاتی سفارشات، سبسکرپشنز اور سرچ ہسٹری نجی رہ سکے گی۔
گوگل کے مطابق صارفین کو ہر مرتبہ ٹی وی کے ریموٹ کے ذریعے چار ہندسوں کا کوڈ درج کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔ یوٹیوب کی موبائل ایپ کے ذریعے بھی ٹی وی پر اکاؤنٹ کو ان لاک کیا جاسکے گا۔
اسمارٹ ٹی وی پر اکاؤنٹ کیسے محفوظ کریں؟
یوٹیوب اکاؤنٹ کو اسمارٹ ٹی وی پر محفوظ کرنے کیلئے سب سے پہلے ٹی وی پر یوٹیوب ایپ کھولنا ہوگی اس کے بعد بائیں جانب موجود نیویگیشن مینو سے اپنا اکاؤنٹ منتخب کرنا ہوگا پھر اکاؤنٹ کے نیچے موجود سیٹنگز کے چھوٹے بٹن کو منتخب کرکے اسکرین پر دی گئی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔

صارف کو چار ہندسوں کا کوڈ مقرر کرنا ہوگا جس کے بعد اس کی یوٹیوب پروفائل اکاؤنٹ لاک کے ذریعے محفوظ ہوجائے گی۔
گوگل نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروفائل کو نجی رکھنے کیلئے چار ہندسوں کا کوڈ دوسروں کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
اگر کوئی صارف اپنا مقرر کردہ کوڈ بھول جائے تو اسے دوبارہ ترتیب دینے کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس کیلئے لاک اسکرین پر موجود ’’Forgot Code?‘‘ کا آپشن منتخب کرنا ہوگا اور اکاؤنٹ لاک کو دوبارہ ترتیب دینا ہوگا۔
ٹیلی ویژن کی مقبولیت
یوٹیوب گوگل پلے اسٹور پر سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپس میں شامل ہےجبکہ امریکا میں ٹیلی ویژن پر بھی اس کی مقبولیت بہت زیادہ ہے۔
یوٹیوب کے چیف ایگزیکٹو نیل موہن نے 2025 میں ایک بلاگ پوسٹ میں کہا تھا کہ ٹیلی ویژن پر یوٹیوب دیکھنے والے افراد کی تعداد موبائل فون پر یوٹیوب دیکھنے والوں سے زیادہ ہے۔
ٹیلی ویژن پر یوٹیوب کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث گوگل کی جانب سے اسمارٹ ٹی وی پر یوٹیوب کے تجربے کو بہتر بنانے کیلئے متعدد تبدیلیاں متعارف کرائی گئی ہیں۔ اکاؤنٹ لاک بھی اسی سلسلے کی تازہ سہولت ہے۔
نیا فیچر کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں رکھا گیا۔ گوگل کے مطابق اکاؤنٹ لاک کی سہولت عالمی سطح پر زیادہ تر اسمارٹ ٹی وی، اسٹریمنگ ڈیوائسز اور گیم کنسولز کیلئے متعارف کرائی جارہی ہے۔
ان ڈیوائسز پر یوٹیوب صارفین کیلئے گیسٹ لاگ اِن کی سہولت بھی موجود ہے جس کے ذریعے کسی پروفائل کو بنائے بغیر ویڈیوز دیکھی جاسکتی ہیں۔

