واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے 3 آئل ٹینکرز تباہ کر دیئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سینٹ کام نے جاری بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے علاقائی پانیوں میں گشت کرنے والے دو امریکی بحری جنگی جہازوں پر حملے کے بعد کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز اور گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر نے متعدد حملوں سے بچنے میں کامیاب رہے اور کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔
سینٹ کام کے مطابق امریکی فورسز نے ایرانی تیل بردار جہاز ایم ٹی ڈاؤنی کو جزیرہ خارگ کے ساحل کے قریب اور ایم ٹی اسٹارک ون کو جاسک کے قریب نشانہ بنایا، جبکہ خلیج عمان میں موجود خالی تیل بردار جہاز ایم ٹی کائلو کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
سینٹ کام نے دعویٰ کیا کہ تینوں ایرانی ٹینکر ایسے اربوں ڈالر کے ’’شیڈو نیٹ ورک‘‘ کا حصہ تھے جو پاسداران انقلاب اور اس کے علاقائی اتحادیوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔
— U.S. Central Command (@CENTCOM) September 5, 2026
سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ پاسداران انقلاب کے لیے پیغام واضح ہے، اگر ایران نے امریکی بحری جہازوں پر حملہ کیا تو امریکا اس سے بھی زیادہ معاشی پابندیاں عائد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی افواج کے دفاع کے لیے امریکا ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا اور ضرورت پڑنے پر ایران کے محدود اور غیر محفوظ تیل بردار بیڑے کو تباہ کر دے گا۔


