کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ملک میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 11 ہزار 300 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 54 ہزار 36 روپے کا ہوگیا۔
سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت بھی کم ہوگئی۔ 10 گرام سونا 9 ہزار 688 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 89 ہزار 262 روپے کا ہوگیا۔
یاد رہے گزشتہ روز مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے کی کمی ہوئی تھی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں معمولی کمی، امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، شرح سود سے متعلق توقعات اور سرمایہ کاروں کے رجحانات جیسے عوامل مقامی مارکیٹ پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں معمولی کمی یا اضافہ پاکستان سمیت مختلف ممالک کی مقامی منڈیوں میں بھی فوری طور پر منتقل ہو جاتا ہے۔
صرافہ ڈیلرز کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت مزید نیچے آتی ہے تو مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔



