وزیراعظم آزاد کشمیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بیرسٹر افتخار گیلانی نے اپنا پہلا وعدہ پورا کرنے کیلئے اہم قدم اٹھالیا،میر پور ڈویژن سمیت آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں ڈی ایس ایل انٹرنیٹ سروسز بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
یاد رہے آزاد کشمیر حکومت نے انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست ارسال کی تھی۔آئندہ انٹرنیٹ کی بندش کا فیصلہ سوشل میڈیا صارفین کے رویے سے مشروط ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق آزاد کشمیر میں آج سے 8 اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز کی مرحلہ وار بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے ،بعض علاقوں میں انٹرنیٹ سروس صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں تک محدود رہے گی۔
مظفرآباد ڈویژن کے مختلف علاقوں میں ڈی ایس ایل اور 3G/4G سروسز بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، مظفرآباد ضلع میں تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے صرف ڈی ایس ایل سروس دستیاب ہوگی۔
باغ شہر اور دھیرکوٹ میں تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے محدود ڈی ایس ایل سروس بحال ہوگی، اسی طرح حویلی کہوٹہ میں ڈی ایس ایل اور 3G/4G انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے گی۔
میرپور اور بھمبر کے مکمل اضلاع میں ڈی ایس ایل انٹرنیٹ سروس دستیاب ہوگی،کوٹلی میں تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے ڈی ایس ایل سروس بحال ہوگی۔
سہنسہ، سرساوہ، بلوچ اور تتہ پانی میں ڈی ایس ایل سروس کی بحالی نہیں ہوگی،راولاکوٹ اور سدھنوتی میں فی الحال انٹرنیٹ سروس بحال نہیں ہوگی۔
حلف نامے جمع کرانے کی ہدایت
تعلیمی اداروں کے سربراہان اور بینک برانچز کے ذمہ داران کو حلف نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ، حلف نامے میں انٹرنیٹ کنکشن کے ریاستی مفادات اور قومی سلامتی کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی ہوگی۔انٹرنیٹ کنکشنز کو عوامی نظم کے خلاف استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی بھی حلف نامے میں شامل ہوگی۔
انٹرنیٹ سروس کب اور کیوں بند کی گئی تھی؟
ریاست بھر میں انٹرنیٹ سروس ایک احتجاجی تحریک کے باعث 5 جون 2026 کو معطل کی گئی تھی۔ یہ تحریک جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (کالعدم) کی جانب سے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے شروع کی گئی تھی۔کمیٹی نے اپنے مطالبات کے حق میں 9 جون کو ریاست کے دارالحکومت مظفرآباد تک لانگ مارچ کی کال دے رکھی تھی۔
5 جون کو جیک کے ایک کور ممبر پر مبینہ حملے اور اس کے بعد مظاہرین اور فورسز کے درمیان تصادم کے بعد کمیٹی کو کالعدم قرار دیا گیا تھا اور اسی روز ریاست بھر میں انٹرنیٹ سروس بھی بغیر کسی پیشگی اطلاع کے معطل کر دی گئی تھی۔
تاہم عام انتخابات کے دوران بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے انٹرنیٹ سروس بحال کی گئی تھی بعدازاں انٹرنیٹ کو دوبارہ بند کردیا گیا تھا۔


